فیس بک کی مالیت ’پچاس ارب ڈالر‘

Saturday, January 29, 2011


اطلاعات کے مطابق دنیا کی مقبول ترین سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس میں سے ایک فیس بک میں گولڈمین ساش اور ایک روسی سرمایہ کار سے سرمایہ کاری کی ہے اور اس معاہدے میں فیس بک ویب سائٹ کی مالیت پچاس ارب ڈالر طے کی گئی ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ گولڈمین ساش نے نے فیس بک میں چار سو پچاس ملین ڈالر جبکہ ڈیجیٹل سکائی ٹیکنالوجیز نے پچاس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

اخبار نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے انہی معاہدوں کے دوران فیس بک کی مالیت پچاس ارب ڈالر سے زیادہ رکھنے پر اتفاق ہوا۔

گولڈمین ساش کی سرمایہ کاری سے یہ خیالات بھی سامنے آنے لگے ہیں کہ فیس بک بازارِ حصص کا حصہ بھی بن سکتی ہے۔

فیس بک کی ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ کمپنی نیویارک ٹائمز کی خبر پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔

.اگر فیس بک کی مالیت کا اندازہ پچاس ارب ڈالر لگایا جائے تو یہ ای بے اور ٹائم وارنر سے بھی بڑی کمپنی بن جاتی ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق فیس بک میں کی جانے والی نئی سرمایہ کاری ممکنہ طور پر نئی پروڈکٹس کی تیاری کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں فیس بک کے ملازمین اور اس کے ابتدائی دنوں میں اس میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد بھی اپنے حصص بیچ کر فائدہ اٹھا سکیں گے۔

.اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ کا سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نجی مارکیٹ میں میں فیس بک، ٹوئٹر اور لنکڈ ان جیسی کمپنیوں کی بڑھوتری پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

یہ ادارہ فیس بک پر پبلک لسٹنگ کے لیے بھی دباؤ ڈال سکتا ہے تام کمپنی کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال کمپنی کو سٹاک مارکیٹ میں لانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

0 comments: